ممبئی، 12/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی ) مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران بالی ووڈ اداکار رتیش دیشمکھ نے اپنے بھائی دھیرج دیشمکھ کے لیے حمایت کی اپیل کی ہے۔ دھیرج دیشمکھ کانگریس کے امیدوار ہیں اور لاتور سے بی جے پی کے رمیش کراڈ کے خلاف میدان میں ہیں۔ انتخابی جلسے میں خطاب کرتے ہوئے رتیش دیشمکھ نے بی جے پی پر شدید حملہ کیا اور کہا، "بی جے پی والے دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کا مذہب خطرے میں ہے، لیکن حقیقت میں ان کی پارٹی ہی بحران میں ہے۔" رتیش نے مزید کہا کہ جو لوگ ایمانداری سے کام نہیں کرتے، انہیں مذہب کا سہارا لینا پڑتا ہے۔
اپنے چھوٹے بھائی دھیرج دیشمکھ کے حق میں تشہیری مہم کے دوران رتیش دیشمکھ نے کہا ’’بھگوان شری کرشن کہتے ہیں کہ کام ہی مذہب ہے۔ جو ایمانداری سے اپنا کام کرتا ہے، وہ مذہب کی پاسداری کر رہا ہے۔ مذہب کی ضرورت انہیں ہوتی ہے جو کام نہیں کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے اپنے خطاب میں آگے کہا ’’جو یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کا مذہب خطرے میں ہے، یہ ان کی پارٹی ہے جو خطرے میں ہے۔ انہیں بول دیجیے کہ ہم اپنے مذہب کی حفاظت کر لیں گے، آپ پہلے ترقی پر بات کیجیے۔‘‘
رتیش دیشمکھ نے اپنی تقریر کے دوران مہاراشٹر حکومت پر بھی جم کر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ریاست کے پڑھے لکھے نوجوان بے روزگار ہیں۔ انہیں روزگار فراہم کرنا ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کو ان کی پیداوار کی اچھی قیمت نہیں مل رہی ہے، خودکشی کے واقعات بڑھتے ہی جا رہے ہیں لیکن اس معاملے میں ریاستی حکومت کوئی قدم نہیں اٹھا رہی۔